نئی دہلی:14/مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) ریونیوانٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ (ڈی آر آئی)نے دبئی سے سمندر ی راستے سے ہندوستان میں اسمگلنگ کرکے لائے گئے تقریباََ12.5کروڑ روپے کی قیمت کا 44کلو گرام سونا ضبط کیا ہے۔یہ طریقہ اسمگلروں کی طرف سے 1970کی دہائی میں سمندر ی راستے سے سونے کی اسمگلنگ کے لیے اپنایا جاتا تھا۔خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ کے حکام نے اتوار کو ضبطی کی اس کاروائی کو انجام دیا۔انہیں اطلاع ملی تھی کہ گجرات کے مندرا پورٹ سے ایک ٹرک آ رہاہے،جسے انہوں نے دہلی کے چندر وہار علاقے میں روکا۔ڈی آر آئی نے اتوار کو جاری ایک ریلیز میں کہا ہے کہ 995خالص ہونے کا غیر ملکی نشان لگا 44کلو گرام سونا برآمد کیاگیا، اسے دھات کی پیکنگ میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سونے کی اینٹوں کو سرمئی رنگ کے کاغذ میں لپیٹ کر رکھا گیا تھا تاکہ آمدورفت کے دوران دھات کی آواز نہ آئے۔ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اسمگلر دھات کی پیکنگ میں غیر ملکی نشان والا تقریبا 40-50کلو گرام سونا ہر بار لے کر آ رہے تھے، سونے کی قیمت میں روزانہ اتارچڑھاؤ ہوتا ہے، اس لیے عام طور پر اسمگلر ہوائی راستے سے ہندوستان میں سونے کی اسمگلنگ کرتے ہیں۔ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ گروہ کے اسمگلر اس سال دبئی سے تقریباََ90کروڑ روپے کی قیمت کے تقریبا 300کلو گرام سونے کی سمندری راستے اسمگلنگ کر چکے ہیں۔